ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دیوالی سے پہلے بنگال میں فسادات اور دھماکوں کی منصوبہ بندی، ممتا بنرجی کا الزام

دیوالی سے پہلے بنگال میں فسادات اور دھماکوں کی منصوبہ بندی، ممتا بنرجی کا الزام

Mon, 28 Oct 2024 11:46:51    S.O. News Service

کولکاتہ ، 28/اکتوبر (ایس او نیوز/ ایجنسی)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ سیکیورٹی کو مزید مضبوط کرے، کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ کچھ سماج دشمن عناصر آئندہ تہواروں کے دوران بدامنی پھیلانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ دیوالی، کالی پوجا اور چھٹھ پوجا کی تقریبات کے دوران بدامنی پھیلانے کی سازش تیار کی جا رہی ہے۔ اس پس منظر میں، انہوں نے ریاستی پولیس پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تقریب کے دوران ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے چوکسی بڑھائے۔

رپورٹ کے مطابق سی ایم ممتا بنرجی نے کہاکہ کالی پوجا جلد آرہی ہے۔ پولیس اور اسپیشل ٹاسک فورس کو انٹیلی جنس جمع کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ریاست میں کوئی دھماکہ نہ ہو۔ بنگال میں ایک سازش رچی جا رہی ہے، جسے روکنا چاہیے۔اس سال کالی پوجا 31 اکتوبر 2024 کو دیوالی کے دن ہے۔ سی ایم ممتا بنرجی نے خبردار کیا کہ کچھ گروہ تہواروں کے دوران خاص طور پر کولکاتہ میں مذہبی امن کو خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس نے کہا کہ میںہرگز بنگال میں فرقہ وارانہ کشیدگی نہیں چاہتی۔

پولیس کسی بھڑکانے والے کے خلاف سخت کارروائی کرے گی، لیکن میں میڈیا سے گزارش کرتی ہوں کہ اس کو سنسنی خیز نہ بنائیں،براہ کرم عوام کو مشتعل کرنے سے گریز کریں۔سی ایم ممتا بنرجی کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ریاست سائیکلون ڈانا کے بعد حالات سے نبرد آزما ہے۔ بنگال کے کئی اضلاع اس طوفان سے متاثر ہوئے۔

ان علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ممتا بنرجی نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس دوران سی ایم ممتا بنرجی نے سمندری طوفان دانا کی وجہ سے بنگال میں ایک شخص کی موت کی تصدیق کی، جب کہ نشیبی علاقوں سے تقریباً 2.16 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔


Share: